حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اس سیمینار میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر اور نیشنل رحمت للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے رکن علامہ عارف حسین واحدی نے خصوصی شرکت کی اور موضوع پر تفصیلی خطاب کیا۔
علامہ عارف حسین واحدی نے کہا: پاکستان کے استحکام، قومی وحدت اور سماجی امن کے لیے بین المسالک ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ تمام مکاتبِ فکر کے علماء کو باہمی احترام، برداشت، مکالمے اور مشترکہ قومی و دینی مقاصد کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرنی چاہئیں۔

انہوں نے کہا: موجودہ حالات میں مذہبی و مسلکی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے اور علماء و دینی شخصیات کو معاشرے میں اتحاد، رواداری اور باہمی احترام کی فضا قائم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
سیمینار میں اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر، ادارۂ تحقیقاتِ اسلامی کے سربراہ پروفیسر محمد اکرم، مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران، جامعۃ الکوثر کے علامہ شیخ فخرالدین سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے ممتاز علماء کرام، اساتذہ اور محققین نے شرکت کی۔
شرکاء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ بین المسالک مکالمے، باہمی تعاون اور رواداری کے فروغ کے ذریعے پاکستان میں امن، اتحادِ امت اور مذہبی ہم آہنگی کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔











آپ کا تبصرہ